سرینگر (24 میڈیا پوائنٹ)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے افسوس ظاہر کیا ہے کہ بھارت جموں وکشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو طول دینے اورکشمیریوں کی اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو کمزور کرنے کیلئے ہر ظالمانہ ہتھکنڈہ استعمال کر رہا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے آج عدم تشدد کے عالمی دن کے موقع پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ مودی کی فسطائی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو محکوم رکھنے کیلئے ظلم و تشدد کا ہر ہتھکنڈہ استعمال کر رہی ہے۔ آر ایس ایس کی حمایت یافتہ مودی حکومت کشمیریوں کو ان کی شناخت اور مادر وطن سے محروم کرنے کی سازش کر رہی ہے اور جموں وکشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے درپے ہے۔ مقبوضہ علاقے میں اسلام سے قبل کی ہندو تہذیب کی بحالی بی جے پی اور آر ایس ایس کا ہدف ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت شہریت کے متنازعہ ترمیمی ایکٹ جیسے مسلم مخالف قوانین کے ذریعے بھی مسلمانوں کے حقوق کو محدود کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کیلئے خطرناک مقام بن گیا ہے کیونکہ نریندرمودی کی پالیسیوں کا مقصدلاکھوں مسلمانوں کوشہریت سے محروم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں مسلمان اور دلت ہندو انتہا پسندوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کو عدم تشدد کا عالمی دن منانے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے اور عالمی برادری کو بھارت اور مقبوضہ جموں وکشمیرمیں مسلمانوں کے خلاف ظلم و تشدد رکوانے کیلئے بھارتی حکومت پر دباؤ بڑھانا چاہیے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زوردیا کہ وہ بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے حقوق کیلئے اپنی آواز بلند کریں اور بھارت کو ملک اور غیر قانونی طورپر اس کے زیر تسلط جموں وکشمیر میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر جواب دہ بنائیں۔ ادھر کشمیرمیڈیاسروس کی طرف سے عدم تشدد کے عالمی دن کے موقع پر جاری کی گئی ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں گزشتہ 30برس کے دوران بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں 95ہزار سے زائد نہتے کشمیریوں کے قتل اور پورے بھارت میں آر ایس ایس کے غنڈوں کے اقلیتوں پر ظلم و تشدد نے عدم تشدد کے گاندھی کے نظریہ کی حقیقی تصویر کوبے نقاب کر دیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آج جب بھارت میں گاندھی کا یوم پیدائش منایا جارہا ہے لیکن یہ ان کیلئے شرم کی بات ہے کہ ملک میں اقلیتوں کو بی جے پی اور آر ایس ایس کے غنڈوں کی طرف سے ظلم و تشدد کا سامنا ہے۔ بھارت بھر میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو کئی دہائیوں سے منظم امتیازی سلوک، تعصب اور تشدد کا سامنا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ 2014 میں بھارت میں نریندر مودی اور بی جے پی کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے مسلم دشمن جذبات کو بڑھکایا گیا ہے۔
0 Comments